ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / منڈگوڈ: لاری ڈرائیور لوٹ معاملےمیں 4بین ریاستی ڈکیت گرفتار

منڈگوڈ: لاری ڈرائیور لوٹ معاملےمیں 4بین ریاستی ڈکیت گرفتار

Thu, 18 Nov 2021 20:31:06    S.O. News Service

منڈگوڈ:18؍نومبر(ایس اؤ نیوز)بیلگام ضلع نِپّانی سے سپاری سے بھری لاری کا پیچھا کرنے والے ڈکیتوں کو لاری میں سپاری نہ ملنے سےمایوس ہوکرلاری ڈرائیور سے 22ہزار روپئے لوٹ کر فرار ہوئےمعاملےمیں پولس نےکارروائی کرتےہوئے چار بین ریاستی ڈکیتوں کو گرفتارکرلیا ہے۔

گرفتار شدہ ملزموں کی شناخت راجستھان ،جُنجُنوضلع کے مہی پال لکشمن رام مینا (30)، سیکھر ضلع کے راکیش چھوٹورام موہن لال ورما (25)، دھرمیندر راما کشن ٹیلر(27) اور راہول برج موہن ورما (23)کے طورپر کی گئی ہے۔ معاملے میں ملزم فرار ہے جس کی شناخت اشوک بولورام مینا کی حیثیت سے کی گئی ہے۔

تین ماہ پہلے کا واقعہ :30جولائی کو یلاپورتعلقہ کے منچی کیری دیہات کا عبدالعظیم شیخ اپنی لاری لے کر ہبلی سے سرسی کے لئے نکلا تھا۔ راستے کے درمیان کاتور نامی برج کے قریب  جب پیشاب کرنے کے لئے ڈرائیور نے لاری کو کھڑا کیا اور ضرورت سے فارغ ہونےکے بعد جب لاری میں چڑھ رہاتھاتو پیچھے سے بولیروسواری میں آئے چار  ڈکیتوں نے لاری ڈرائیور کے ہاتھ پیر باندھ دیا اور عبدالعظیم شیخ کے پاس موجود 22 ہزار روپیوں کو لوٹ لینے کے بعد اسے اغواء کرکے ہبلی ہوائی اڈے کے قریب چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ معاملےکو لےکر عبدالعظیم نے پولس تھانےمیں کیس درج کیاتھا۔

کیس درج ہونے کے بعد تفتیش میں جٹی پولس  کو سی سی ٹی وی کیمروں میں  گبُّور کراس کے قریب ایک بولیرو سواری لاری کا پیچھا کرتےہوئے نظر آئی ۔ منڈگوڈ کے اہم راستوں پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج کامعائنہ کیاگیا تو یہاں بھی بولیروسواری لاری کا پیچھا کرنےکی تصدیق ہوئی ۔ اسی بنیاد پر پولس نے کارروائی کرتےہوئے ملزموں تک پہنچ کر انہیں گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

گرفتار شدہ ملزموں سے پوچھ تاچھ کے بعد ملزموں نے بتایا کہ لاری میں سپاری لوڈ ہونے کے شک میں ہم نے نپانی سےلاری کا پیچھا کیا تھا، لیکن لاری میں سپاری نہ ہونے سےمایوس ہوکر لاری ڈرائیورکےپاس موجود رقم لےکر فرار ہوگئے تھے۔

بولیروسواری چونکہ راجستھان  سے  رجسٹرڈ تھی اس لئے پولس راجستھان پہنچ گئی تھی اور  ملزموں کو گرفتارکرنےکی تیار ی میں تھی مگر کسی طرح ملزموں کو اس  کی بھنک مل گئی اور فرار ہوگئے ۔ اس کے بعد وجئے پورا ضلع کے دیور ہپرگی کی پولس نے انہی ڈکیتوں کو ایک دوسرے معاملےمیں گرفتار کر لیا۔

ضلع اتر کنڑا کی ایس پی ڈاکٹر سمن پنیکر، ایڈیشنل ایس پی بدری ناتھ اور سرسی ڈی وائی ایس پی روی نائک کی رہنمائی میں سی پی آئی سدپا سیمانی ، پی ایس آئی بسوراج مبنور، پی ایس آئی ننگپا جکننور، اے ایس آئی چوہان  اور ارون باگیواڑی ، شرتھ، انور خان ، تروپتی ، مہیش ، دھرمیندر نائک اور گنپتی نامی عملہ کارروائی میں شریک تھا۔


Share: